نئی دہلی (ای پی آئی ) انڈیا کے نیوز چینلز نے ایک ہی ہفتے میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس یعنی مصنوعی ذہانت سے لیس دو روبوٹک نیوز اینکرز متعارف کروائی ہیں،

مختلف ریاستوں کے مقامی زبانوں میں خبریں نشر کرنے والے ،ریاست کرناٹکا کے کنڑا زبان کے نیوز چینل ’پاور ٹی وی‘ نے 12 جولائی کو ’سندریہ‘ نامی اے آئی اینکر کو متعارف کرایا۔

سندریہ کو کسی روایتی نیوز اینکر کی طرح کرسی پر بیٹھ کر خبریں پڑھتے دکھایا گیا تھا اور وہ کنڑا زبان سمیت انگریزی میں بھی خبریں پڑھنے میں مہارت رکھتی ہیں۔

کنڑا زبان کے نیوز چینل کی طرح اڑیسہ کے نیوز چینل نے بھی اے آئی سے لیس اینکر ’لیزا‘ کو متعارف کرا دیا جو بیک وقت انگریزی اور اوڑیا زبان سمیت دیگر مقامی زبانوں میں بھی خبریں پڑھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

لیزاکو اڑیسہ کے روایتی لباس میں دکھایا گیا اور انہوں نے اپنے تعارف سے متعلق بتایا کہ وہ اے آئی سے لیس اینکر ہیں اور انہیں امید ہے کہ دیکھنے والے انہیں انسانوں کی طرح عزت دیں گے۔’لیزا‘ کو اڑیسہ ٹی وی کی جانب سے متعارف کرایا گیا ہے اور چینل کے مطابق وہ اینکر کی اوڑیا زبان کی تربیت پر مزید توجہ دیں گے اور انہیں اس قابل بنایا جائے گا کہ وہ بالکل انسانوں کی طرح خبریں پڑھیں۔