اسلام آباد(ای پی آئی ) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی جانب سے توہین الیکشن کمیشن کیس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے ناقابل ضمانت جاری کرنے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر عدالت نے فوادچودھری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے، 20جولائی کو الیکشن کمیشن میں پیش ہونے کا حکم،

تفصیلات کے مطابق اسلام آبادہائیکورٹ میں فوادچودھری کی الیکشن کمیشن کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

وکیل فیصل چودھری نے کہاکہ الیکشن کمیشن میں فواد چودھری کے خلاف توہین کمیشن کی کارروائی جاری ہے،

عدالت نے کہاکہ چیف جسٹس نے فیصلہ دیا کہ توہین کمیشن کی کارروائی جاری رہے گی، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا وجہ ہے کہ آپ وہاں ذاتی حیثیت میں پیش نہیں ہو رہے؟

جسٹس طارق جہانگیری نے کہا کہ آپ نے تو ہائیکورٹ کے آرڈر کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔

وکیل فیصل چودھری نے کہاکہ ہم اسی دن اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے پیش ہوئے تھے،

جسٹس طارق جہانگیری نے کہاکہ الیکشن کمیشن کون سا کراچی میں ہے، ہائیکورٹ سے وہاں چلے جاتے، عدالت نے کہاکہ آپ نے ہائیکورٹ کے آرڈر کی خلاف ورزی کی ہے، کمیشن میں پیش نہیں ہو رہے،

وکیل فیصل چودھری نے کہاکہ ہم الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے کو تیار ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فوادچودھری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے، الیکشن کمیشن نے عدم حاضری پر فوادچودھری نے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے تھے ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے فواد چودھری کو 20جولائی کو الیکشن کمیشن میں پیش ہونے کا حکم دیدیا،

جسٹس طارق جہانگیری نے کہاکہ کمیشن کے سامنے پیش نہ ہوئے تو توہین عدالت کی کارروائی ہو گی۔