کوئٹہ (ای پی آئی ) 12 جولائی کو دہشتگردوں کی جانب سے بلوچستان کے علاقے میں ژوب چھاؤنی پر حملے سے متعلق بڑے انکشافات سامنے آگئے ہیں ۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دہشت گرد جدید امریکی اسلحے سے لیس تھے اور یونیفارم بھی امریکی پہن رکھا تھا۔ اسلحے میں 5.56 ملی میٹر کیلیبر، 16 ایم اسالٹ رائفلیں، ہیلمٹ، دستانے اور بیگ پیک شامل تھا۔
تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دہشت گرد امریکی یونیفارم میں ملبوس ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردوں نے افغانستان میں چھوڑے ہوئے امریکی اسلحے کا بے دریغ استعمال کیا۔
یہ امر قابل ذکرہے کہ افغانستان سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کو دہشت گرد حملوں کیلئے مدد ملنےکا یہ پہلا واقعہ نہیں ۔ گذشتہ کچھ عرصے کے دوران پاکستان مٰیں دہشت گردی کا ایک نیا سلسلہ پھر شروع ہواہے۔
ژوب حملے کے بعد گذشتہ روز پشاور کے علاقے حیات آباد میں خودکش حملہ کیا گیا ۔یاد رہے کہ 12 جولائی کو ژوب چھاؤنی میں دہشت گردوں کے حملے میں 9 سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 5 دہشت گرد واصل جہنم ہوئے تھے۔