مشیگن(ای پی آئی ) ایک نئی تحقیق میں بوڑھے افراد کی بینائی کے چلے جانے کا ممکنہ طور پر ڈیمینشیا سے تعلق ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

امریکا کی یونیورسٹی آف مشیگن کے محققین نے 71 برس سے زیادہ کی عمر والے تقریباً تین ہزار امریکی شہریوں کے ڈیٹا کا مطالعہ کیا۔

محققین نے تحقیق کے شرکاء کی نظروں کی جانچ کی اور ان کی دور کی اور قریب کی نگاہوں کے اسکور ریکارڈ کیے۔ ساتھ ہی محققین نے یہ بھی جاننے کی کوشش کی کہ مختلف پس منظر میں وہ چیزوں کے درمیان کتنی آسانی سے فرق کرسکتے ہیں۔

جرنل آف دی امیریکن میڈیکل ایسوسی ایشن (جاما) اوفتھیمولوجی میں شائع ہونے والی تحقیق کے نتائج میں بتایا گیا کہ وہ شرکاء جن کی بینائی کمزور تھی ان کے ڈیمیشنیا میں مبتلا ہونے کے امکانات ان لوگوں کی نسبت زیادہ تھے جن کی بینائی کے ساتھ کوئی مسائل نہیں تھے۔

محققین کے مطابق 40 فی صد ڈیمینشیا کا 12 ایسے عوامل (جیسے کہ سگریٹ نوشی، بلند فشار خون اور سماعت کا کھو جانا) ہوسکتے ہیں جن سے بچا جا سکتا ہے۔

البتہ بِینائی کا چلا جانا فی الحال ان 12 عوامل میں شامل نہیں ہے لیکن نئے شواہد بتاتے ہیں کہ اس معاملے اور ڈیمینشیا کے درمیان ایک تعلق ہے۔

الزائمرز ریسرچ یو کے میں ہیڈ آف پالیسی ڈاکٹر سوزین مچل کا کہنا تھا کہ اس طرح کے مطالعے ڈیمینشیا کا سبب بننے والے نئے ممکنہ عوامل کی شناخت کے لیے اہم ہیں جو ڈیمینشیا سے بچانے کے لیے راہ کی تلاش میں مصروفِ عمل ہیں۔