گال(ای پی آئی ) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں4وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 131 رنز کا ہدف پاکستان نے 5وکٹوں کے نقصان پر عبور کر لیا جس میں امام الحق 50 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے جبکہ،سعود شکیل30، اوپنر عبداللہ شفیق 8 ، شان مسعود 7،اور کپتان بابراعظم 24 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔
سری لنکا کی پوری ٹیم پاکستان کے 461 رنز کے جواب میں 279 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی اور 130 رنز کی برتری ہی حاصل کر سکی۔دھننجے ڈی سلوا 82 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر ہے۔
سری لنکا کی جانب سے نشان اور کروناتنے نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا ، نشان نے نصف سینچری بنائی اور 52 رنز پر نعمان علی کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں وکٹ کے پیچھے کیچ آوٹ ہو گئے جبکہ ان کے ساتھ آنے والے کروناتنے گزشتہ اننگ کی طرح اس اننگ میں بھی خاص کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہوئے اور صرف 20 رنز بنا کر پولین لوٹ گئے۔ کوشل مینڈس 18 ،اینگلو میتھویز 7،دنیش چندی مال 28 اور سدیرا 11 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور نعمان علی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور آغا سلمان نے دو دو کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی۔پاکستان نے سری لنکا کے 312 رنز کے جواب میں 461 رنز بنائے جس میں سب سے اہم کردار سعود شکیل اور آغا سلمان نے ادا کیا ،،
ٹیم کی اوپننگ سری لنکن کے سپنرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی لیکن اس مشکل گھڑی میں سعود شکیل نے 208 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیل کر میچ میں صرف پوزیشن ہی مضبوط نہیں کی بلکہ دل بھی جیت لیے۔
ان کا بھر ساتھ آغا سلمان نے دیا جنہوں نے 83 رنز بنائے او ر دونوں نے 177 رنز کی شاندار پارٹنر شپ کھیلی۔ان کے علاوہ شان مسعود نے 39 اور نعمان علی نے 25 رنز بنائے ، عبداللہ شفیق 19 بابراعظم 13 ،سرفراز احمد 17 ، ابرار احمد 10 ، شاہین شاہ آفریدی 9 ، نسیم شاہ 6 ، امام الحق ایک سکور بنانے میں کامیاب ہوئے۔
سری لنکا کی جانب سے رمیش مینڈس نے سب سے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 5 پاکستانی کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی ، ان کے علاوہ پراباتھ جے سوریا نے تین ، کسون اور ویشوا فرننڈو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 312 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی، سری لنکن اوپننگ کا حال بھی کچھ پاکستان سے مختلف نہ رہا تھا لیکن جس طرح سعود شکیل نے ٹیم کی بھاگ دوڑ سنبھالی اسی طرح پہلی اننگ میں سری لنکن بلے باز ڈی سلو ا نے بھر پور کھیل پیش کرتے ہوئے 122 رنز بنائے اور ٹیم کو قابل دفاع ٹوٹل بنانے میں مدد فراہم کی ،
ان کے علاوہ اینگلو میتھیوز نے 64 رنز کی اننگ کھیل کر ڈی سلو ا کا بھر پور ساتھ دیا۔ کروناتنے نے 29 ، کوشل مینڈس نے 12 سدیرا نے 36 سکور بنائے۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی ،نسیم شاہ اور ابرار احمد نے تین تین کھلاڑیوں کو پولین پہنچایا جبکہ آغا سلمان نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔


