جدہ(ای پی آئی) مسلم لیگ ن کے قائد اورسابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے جدہ میں ملاقات کے لئے جانے والے لیگی کارکنوں کے وفود سے ملاقات کے دوران کہا کہ میری حکومت کو بار بار ختم کر کے ترقی کے سفر کو روکا گیا ،

انھوں نے کہا کہ ہم نے ایٹمی دھماکے کئے اور اس وقت امریکی صدر کلنٹن کی پیشکش ٹھکرا دی،اگر 1990 کی ترقی کا تسلسل چلتا رہتا تو آپ سب پاکستان میں خوشحال زندگی گزار رہے ہوتے،حرمین شریف سے ہماری دلی وابستگی ہے،ہمارے کارکن ہی ہمارا سرمایہ ہیں، جلد پاکستان اونگا۔

انھوں نے کہا کہ حرمین شریف سے ہماری دلی وابستگی ہے،ہمارے کارکن ہی ہمارا سرمایہ ہیں۔ نوازشریف نے تمام پارٹی ممبران کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پارٹی کی مشکل وقت میں دامے درمے سخنے مدد کی اور پارٹی کا پرچم ہمیشہ بلند رکھا اور قربانیاں دیں۔

اس موقع پر سب ممبران نے کہا کہ ہم قائد نوازشریف کو چوتھی مرتبہ پاکستان کا وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں۔

آخر میں قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف نے عہدیداران اور کارکنان کیساتھ باری باری تصاویر بنوائیں۔شیخ سعید احمد نے چیئرمین ،سیکرٹری جنرل اور تمام ممبران کیساتھ قائد کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔