اسلام آباد(ای پی آئی) پی ڈی ایم کے سربراہ جمعیت علماء اسلام (ف)کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کل (اتوار) کے روزسویڈن میں قرآن کریم کی بیحرمتی کیخلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کرنے کا اعلان کر دیا ہے،

مولانا فضل الرحمن نےاحتجاج کی کال دیتے ہوئے کہا ہے کہ سویڈن میں مسلسل قرآن کی بیحرمتی کی جارہی ہے، اس عمل سے امت مسلمہ کے ہر فرد کے دل کو دکھ پہنچ رہا ہے، یہ قرآن کریم سے امت مسلمہ کے تعلق کی فطری علامت ہے ، امت مسلمہ تورات انجیل سمیت تمام آسمانی کتابوں کا احترام کرتی ہے۔

ان خیالات کااظہار مولانا فضل الرحمن نے ہفتہ کے روز اپنے ایک ویڈیو بیان میں کیا۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مغربی دنیا تنگ نظری کا مظاہرہ کیوں کررہی ہے ،عدم برداشت ، تنگ نظری اور تحمل کا جذبہ ختم ہونے کو مغرب اظہار رائے کی آزادی کا نام دے رہا ہے ،

انھوں نے کہا کہ ہم نے ایسی اظہار رائے کو مسترد کرکے قوم سے احتجاج کی اپیل کی ہے ۔

مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں سویڈن کے روئیے کیخلاف احتجاجی مظاہرے ہوں گے،کراچی میں سب بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوگا ۔سویڈن کیخلاف کراچی کے مظاہرے میں بذات خود شریک ہوں گا ۔ ان شااللہ

انھوں نے کہا کہ ،پوری قوم سڑکوں پر آکر سویڈن کیخلاف احتجاجی مظاہرے کرے ۔ تمام مسلمانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ان احتجاجی مظاہروں میں شریک ہوں۔ پوری قوم قرآن اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے عقیدت اور عشق کا اظہار کرے،مغربی دنیا کو پیغام دینا ہے کہ مسلمان قرآن کی حرمت پر جان تو دے سکتا ہے اس کی توہین کی کسی کو اجازت ہرگز نہیں دے سکتا،مغرب کے اس رویئے کیخلاف ہم اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کرکے مطالبہ کیا ہے کہ سویڈن سے پاکستانی سفیر کو فوری واپس بلایا جائے ،او آئی سی تنظیم سے کہا جائے کہ تمام اسلامی ممالک سوئیڈن سے اپنی سفرا واپس بلائیں تاکہ مغربی دنیا کے سامنے امت مسلمہ کا اجتماعی احتجاج ریکارڈ کیا جاسکے ،

مغرب کو پیغام دینا ہے کہ امت مسلمہ اپنے قرآن اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حرمت پر آنچ آنے کی کسی کو اجازت نہیں دے گی۔