لاہور (ای پی آئی )لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے تفتیشی افسر کے بیان پر چیئرمین پی ٹی آئی کی دونوں بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی روک دی۔

عدالت نے اس سلسلے میں پہلے سے جاری احکامات منسوخ کردیئے۔

انسداد دہشتگردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف پولیس کی درخواست پر سماعت کی۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ دونوں خواتین عبوری ضمانت پر ہیں جس کا علم نہ ہونے پر اشتہاری قرار دلوانے کی درخواست دی تھی۔

تفتیشی افسر کے اس بیان پر عدالت نے دونوں بہنوں کواشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا حکم منسوخ کردیا۔

عدالت نے گزشتہ روز علیمہ خان اور عظمیٰ خان سمیت تحریک انصاف کے 22 رہنمائوں کو جناح ہائوس حملہ کیس میں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی تھی۔