اسلام آباد(ای پی آئی) پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کی اشتعال انگیزیوں کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں تاہم تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ بھارتی ریاست منی پور میں اقلیتوں پر مظالم کو دیکھ رہے ہیں۔ بھارت اقلیتوں کی عبادت گاہوں اور حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی اشتعال انگیزیوں کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں تاہم تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔۔ آزاد جموں و کشمیر کبھی بھارت کا حصہ نہیں رہا۔

بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ بیان کی شدید ترین مذمت کرتے ہیں۔ یہ بیان بھارت کی جانب سے ہمسایہ ممالک کے لیے جارحانہ رویے کا عکاس ہے۔
دفترخارجہ کی ترجمان نے کہا کہ یونان کشتی حاد ثے میں جاں بحق ہونے والے 15 پاکستانیوں کی باقیات وطن واپس پہنچ گئی ہیں۔

ان کے علاوہ کسی پاکستانی کی شناخت نہیں ہو سکی۔ ترجمان نے ڈنمارک میں پاکستانی سفارت خانے کے باہر قرآن پاک اور پاکستانی پرچم کی توہین کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل کسی صورت بھی آزادی اظہار رائے کی علامت نہیں۔