واشنگٹن(ای پی آئی) کیپیٹل ہل حملہ کیس میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تیسری فرد جرم عائد کر دی گئی۔ امریکی تاریخ میں پہلی بار کسی موجودہ یا سابق صدر کو کرمنل چارجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر کیپیٹل ہل حملہ کیس میں فرد جرم عائد کر دی گئی۔ کہا گیا ہے کہ انہوں نے 2020 کے الیکشن پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی، ان پر کار سرکار میں مداخلت کرنے کاالزام عائد کیا گیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر لگائی گئی فرد جرم میں ان پر امریکا کو دھوکہ دینے اور لوگوں کے حقوق پامال کرنے کے الزامات شامل ہیں۔ سابق صدر پر تیسری بار فرد جرم عائد کی گئی ہے۔ فردِ جرم خصوصی وکیل جیک اسمتھ کی تحقیقات میں وفاقی گرینڈ جیوری نے عائد کی۔ ٹرمپ کے علاوہ ان کے چھ ساتھیوں پر بھی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
دوسری جانب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزامات تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔ انہوں نے کارروائی کو سیاسی دشمنی اور انتخابی عمل میں مداخلت قرار دے دیا۔