راولپنڈی (ای پی آئی ) سابق وفاقی وزیر داخلہ اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے ٹوئٹر پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ ہتھیار نہیں پھینکوں گا اور کبھی پریس کانفرنس نہیں کروں گا، اگر کروں تو سمجھیں میرا ضمیر مر گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ آج کی ویڈیو دکھ اور تکلیف کے عالم میں بنا رہا ہوں، راشد شفیق کی والدہ کا کل انتقال ہوا، میرے گھر میں رات کو دو ریڈ کئے گئے میرے دو ملازموں کو لے جا کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو کہنا چاہتا ہوں ظلم اتنا کریں جتنا برداشت کر سکیں، ہم مر سکتے ہیں عزت کی موت مرنا پسند کریں گے، اصلی اور نسلی بندہ ہوں، مقابلے میں دوستوں کا ساتھ نہیں چھوڑ سکتا۔

شیخ رشیدکا کہنا تھا کہ میری اپنی پارٹی ہے، اپنے انتخابی نشان قلم دوات پر الیکشن لڑتا ہوں، ساری زندگی فوج، شہداء اور مجاہدوں کا ساتھ دیا، مجھ پر 7 کیس جھوٹے بنائے گئے ہیں اور ساتوں میں ضمانت ہے لیکن کیا یہ انصاف ہے کہ ہم اپنے عزیروں کو کندھا بھی نہیں دے سکے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ کل سے 13 اگست کی رات 10 بجے تک روزانہ کی بنیاد پر ویڈیو مسیج دوں گا اور ٹوئٹ بھی کروں گا،

انھوں نے کہا کہ چٹان کی طرح کھڑا ہوں اور قبر کی دیواروں تک دوستی نبھاتا ہوں، عزت عزیز اور عزت کی موت مرنے کو ہی ترجیح دوں گا، ہتھیار نہیں پھینکوں گا اور کبھی پریس کانفرنس نہیں کروں گا، اگر کروں تو سمجھیں میرا ضمیر مر گیا ہے۔