راولپنڈی(ای پی آئی ) پکڑ دھکڑ وقت ضائع کرے گی اور نفرت کو بڑھائے گی، بات چیت کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر داخلہ اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نےٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا،
انھوں نے کہا کہ 13 پارٹیاں اور اُس کے لیڈر عوام کو معاشی عذاب میں ڈال کر خود بھاگ گئے ہیں اور ملبہ نگران حکومت پر ڈال رہے ہیں،
انھوں نے کہا کہ ایک لندن میں، دوسرا دبئی، تیسرا سعودی عرب میں چلا گیا ہے اور عوام بیچارے سڑکوں پر دھکے کھا رہے ہیں، کل کی شٹر ڈاؤن ہڑتال نے ثابت کیا ہے کہ کاروباری طبقہ بھی مسائل کے شکنجے میں آگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 48 گھنٹے میں بجلی میں ریلیف دینے کی بات کی گئی تھی ایک ہفتہ گزر جانے کے بعد بھی کوئی نتیجہ نہیں نکلا، پکڑ دھکڑ وقت ضائع کرے گی اور نفرت کو بڑھائے گی، بات چیت کی ضرورت ہے اور بات چیت سے ہی حل نکلے گا سیاست میں کبھی بھی بات چیت کے دروازے بند نہیں کئے جاتے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈنڈا مسائل کا حل نہیں رہا، حالات بہتری کی طرف لے کر جانے پڑیں گے افسوس کی بات ہے کہ عدلیہ کے فیصلوں کو بھی نہیں مانا جا رہا اس وقت پاکستان کو سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے استحکام نہیں آئے گا تو حالات سنگین اورگھمبیر ہو جائیں گے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے مزید کہا کہ ستمبر اہم ترین مہینہ ہے، دیکھنا یہ ہے یہ ستمگر ہوگا یا عوام کے لئے خوش آئند ہوگا۔


