کشمور(ای پی آئی )سندھ کے ضلع کشمور میں ڈاکوؤں کی جانب سے 11 افراد کو اغواء کے خلاف احتجاجی دھرنا جاری ہے جبکہ پولیس نے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 3 مغوی بازیاب کرا لئے ۔
پولیس کے مطابق بازیاب ہونے والوں میں مکھی جگدیش کمار، اس کا پوتا جئے دیپ اور ڈاکٹر منیر نائچ شامل ہیں۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس اور ڈاکوئوں میں مقابلہ ہوا تو ملزمان مغویوں کو چھوڑ کر فرار ہوگئے، تمام مغویوں کی بازیابی تک آپریشن جاری رہے گا۔
دوسری جانب ہندو برادری اور سول سوسائٹی نے تمام 11 افراد کی بازیابی تک اپنا دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ مظاہرین تین روز سے سندھ، پنجاب اور بلوچستان انڈس ہائی وے کی سرحد ڈیرہ موڑ پر سراپا احتجاج ہیں۔


