لاہور (ای پی آئی ) لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور رہنما پاکستان تحریک انصاف چوہدری پرویز الٰہی کی بازیابی سے متعلق دائر درخواست پر سماعت ،

عدالت نے پرویز الٰہی کی حبس بے جا میں رکھنے کی درخواست غیرموثر ہونے پر نمٹا دی۔ افسران کے خلاف توہین عدالت کی درخواست الگ سے جاری رکھنے کا حکم ،

تفصیلات کے مطابق ۔ چوہدری پرویز الٰہی کی بازیابی سے متعلق درخواست پر دوران سماعت لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ گزشتہ روز سیشن جج اٹک اسد علی نے اپنی رپورٹ جمع کرائی،

رپورٹ میں بتایا گیا سیشن جج کے اٹک جیل پہنچنے سے پہلے پرویز الٰہی کو اسلام آباد پولیس لے گئی، اسلام آباد کے چیف کمشنر اور آئی جی کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا۔

عدالت نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے پرویز الٰہی کی نظربندی کا نوٹیفکیشن معطل کیا، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے مطابق پرویز الٰہی کو کریمنل کیس میں گرفتار کیا گیا،

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے بتایا آئی جی سپریم کورٹ اور چیف کمشنر اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر متعلقہ افسران کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے،

توہین عدالت کی کارروائی ان افسران کے خلاف الگ سے جاری رہے گی، چیف کمشنر اسلام آباد نے اس عدالت کے حکم کی خلاف ورزی کی، ان کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کیا جاتا ہے، افسران 7 روز میں اپنا جواب داخل کرائیں۔

عدالت نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل غلام سرور کو مداخلت سے روک دیا۔لاہور ہائی کورٹ نے یہ بھی کہا کہ افسران کے خلاف توہین عدالت کیس اگلے ہفتے تک ملتوی کیا جاتا ہے اور پرویز الٰہی کی بازیابی کی درخواست غیرموثر ہوگئی۔