اسلام آباد (ای پی آئی ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنز پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق شہریار آفریدی کیخلاف ایم پی او آرڈر جاری کرنے کے اختیارات میں تجاوز پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنز سمیت دیگر کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔
دوران سماعت ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنز نے غیر مشروط معافی مانگی جسے عدالت نے مسترد کر دیا اور ان پر فرد جرم عائد کر دی۔
ڈی سی اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنز نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ کھلی عدالت میں آپ کے سامنے چارج پڑھا گیا، دفاع پیش کرنا چاہتے ہیں؟ ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ مجھے وقت دیا جائے۔ جس پر عدالت نے کہا کہ جو کچھ بھی ہے اب ٹرائل میں ثابت کرنا۔
عدالت نے ایس ایچ او تھانہ مارگلہ اور ایس پی فاروق بٹر پر بھی فرد جرم عائد کی۔ جسٹس بابر ستار نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنز سمیت پولیس افسران کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اس کیس میں زیادہ سے زیادہ سزا بھی 6 ماہ کی ہے، آپ بھی کچھ عرصہ جیل میں گزار کر آئیں، جیل جائیں تو آپ کو پتہ چلے کہ جنہیں جیل بھیجتے ہیں وہ وہاں کیسے وقت گزارتے ہیں۔
عدالت نے شہریار آفریدی کیخلاف ایم پی او آرڈر جاری کرنے کے اختیارات میں تجاوز پر توہین عدالت کیس کی سماعت کی، وکیل قیصر امام کو کیس میں پراسیکیوٹر تعینات کیا ہے۔


