راولپنڈی(ای پی آئی )پکڑ دھکڑ اور ڈنڈا مسئلے کا حل نہیں ہے، سب کو مل بیٹھ کر سنگین معاشی بحران کا حل تلاش کرنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسئلہ اقتصادی اور معاشی ہے سیاسی نہیں رہا، عوام کا نام ہی ریاست ہے، عوام خوشحال ہوں گے تو ریاست خوشحال ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بڑے بزنس مین کو ہمیشہ سبسڈی چاہیے، اسے غریب کی دو وقت کی روٹی کی کوئی فکر نہیں ہے، بڑا آدمی کرپشن کرتا ہے اور سزا غریب کو ملتی ہے، جتنی تیزی سے آبادی بڑھ رہی ہے اتنی تیزی سے ہی کاروباری ادارے اور کارخانے بند ہو رہے ہیں، عوام کے جذبات اور مسائل پر پوری توجہ دینی ہوگی۔
سابق وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ حالات مزید بگڑ گئے تو کسی کے بس کی بات نہیں ہوگی، بات اب یا کبھی نہیں تک پہنچ گئی ہے جس کا فوری حل تلاش کرنا بہت ضروری ہے، عوام کی گاڑی چھوٹ گئی تو پھر کسی سے پکڑی نہیں جائے گی۔


