لاہور( ای پی آئی) سانحہ جڑانوالہ کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر سماعت ۔عدالت کی چیف سیکرٹری پنجاب کو 15 روزمیں فیصلہ کرنے کی ہدایت۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے درخواست پر سماعت کی ۔
دوران سماعت فاضل جج نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ واقعے پر ابھی تک کوئی جوڈیشل کمیشن بنا ہے؟جس پر سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ ابھی تک کوئی کمیشن نہیں بنایا گیا۔
عدالت میں درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ سانحہ جڑانوالہ میں اقلیتوں کے بنیادی آئینی حقوق متاثر ہوئے۔تحقیقات کے لیے اختیار کیا گیا طریقہ کار سست روی کا شکار ہے، موجودہ طریق کار سے مسیحی کمیونٹی کو انصاف کی توقع نہیں۔
استدعا ہے کہ عدالت انصاف کے لیے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا حکم دے۔عدالت نے سانحہ جڑانوالہ کی انکوائری کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب کو 15 روزمیں فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔


