ایبٹ آباد (ای پی آئی) سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ اورپاکستان تحریک انصاف پارلمینٹرین کے سربراہ پرویز خٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں الیکشن ہوتے ہوئے نہیں دیکھ رہا، اداروں کے ساتھ ٹکرائو کے حق میں نہیں تھے ، چیئرمین پی ٹی آئی جھوٹ بولتے رہے۔

انھوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کی۔انہوںنے کہا کہ ملک میں الیکشن ہوتے ہوئے نہیں دیکھ رہا، معاملہ عدالت گیا تو اور وقت لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں الیکشن مزید آگے جائیں، ہمیں تیاری کے لئے وقت مل جائے گا، وکلا کے کہنے پر الیکشن نہیں ہوں گے، حلقہ بندیاں ہوں گی، عدالت جو فیصلہ کرے گی، قبول ہو گا۔

پرویز خٹک نے کہا کہ ہم اداروں کے ساتھ ٹکرائو کے حق میں نہیں تھے ، چیئرمین پی ٹی آئی جھوٹ بولتے رہے ، قوم سمجھی کہ نجات دہندہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے ملک کو بے روزگاری اور مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا، تمام سیاسی جماعتوں نے عوام سے جھوٹ بولا، اتنے قرضے لئے گئے کہ اب واپس کرنا مشکل ہو گیا۔