لاہور(ای پی آئی )لاہور ہائیکورٹ میں 11 ججز کو 36 کروڑ روپے کے بلاسود قرضے دینے کی منظوری کے خلاف دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر کرلی گئی۔
جسٹس شمس محمود مرزا نے شہری مشکور حسین کی جانب سے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کا درخواست گزار پر متاثرہ فریق ہونے کا اعتراض ختم کردیا اور ججز کو قرض دینے سے متعلق مصدقہ دستاویزات ساتھ لگانے کی ہدایت کردی۔
شہری مشکور حسین کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں چیف سیکرٹری ،سیکرٹری فنانس سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ججز کو بلاسود قرضہ فراہم کرنا غیر قانونی اقدام ہے ۔ ججز پہلے ہی بے شمار مراعات حاصل کررہے ہیں ۔ عوام کے ٹیکس کے پیسے کا نگراں حکومت بے دریغ استعمال نہیں کر سکتی ۔
عدالت نگراں حکومت کی جانب سے ججز کو قرضے دینے کی منظوری کالعدم قرار دے اور پٹیشن کے حتمی فیصلے تک ججز کو قرضے دینے کا اقدام معطل کیا جائے۔


