لاہور(ای پی آئی )مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی وطن واپسی اور انتخابات کے حوالے سے لندن والے اجلاس میں اہم فیصلے ۔

عام انتخابات میں کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ ۔

تفصیل کے مطابق لندن میں ہونے والے اجلاس میں قائد ن لیگ اور سابق وزیراعظم نوازشریف کی وطن واپسی کیلئے 21اکتوبر کی تاریخ کی تجویز شہبازشریف نے دی، شہبازشریف کی تجویز سے سب نے اتفاق کیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ عام انتخابات میں کسی بھی جماعت سے قومی وصوبائی سطح پر اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا،

مسلم لیگ ن پنجاب میں تمام نشستوں پر اپنے امیدوار نامزد کرے گی،پنجاب میں پیپلزپارٹی سے مقامی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ بھی نہ کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت نے آئی پی پی سے بھی اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ خیبرپختونخوااور بلوچستان میں مختلف جماعتوں سے مقامی سطح پر اتحاد کا فیصلہ ہوا ہے،

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ جے یو آئی ف سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے ،اے این پی سمیت دیگر ہم خیال جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے ،

بلوچستان میں بی اے پی اور دیگر جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ کیاگیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ الیکشن میں انتخابی مہم کی قیادت نوازشریف کریں گے ،شہبازشریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز بھی انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیں گے ۔