اسلام آباد (ای پی آئی ) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حلقہ بندیوں کا عمل شروع ہونے کے بعد صدر انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں کر سکتے، فروری کے پہلے ہفتے میں الیکشن ہونگے ۔

انھوں نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی ختم ہو چکی ہے ، ان کو جس کیس میں سزا ہوئی وہ کمزور ہے۔ وہ اپنی سزا کے خلاف نظرثانی اپیل کریں گے جس میں ضمانت یقینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فروری کے پہلے ہفتے میں الیکشن ہوں گے، حلقہ بندیوں کے بعد انتخابات ہوں گے۔ حلقہ بندیوں کا عمل شروع ہونے کے بعد صدر انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ پوسٹنگ ٹرانسفر اس وقت ہوئی جب نگران سیٹ اپ بنا تھا، تقرریاں اور تبادلے نگران سیٹ اپ آکر کرتا ہے، اب کیسے خیال آگیا کہ تقرر و تبادلے کسی کے کہنے پر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن سے قبل ٹرانسفر پوسٹنگ ہوتی ہیں، پیپلز پارٹی کی تنقید کا کوئی جواز نہیں، پی پی کو انتخابات سے قبل ٹرانسفر پوسٹنگ کا بیانیہ سوٹ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب الیکشن قریب ہوں تو سیاسی بیانیے بنائے جاتے ہیں، پیپلز پارٹی والے سیاسی بیانیے کے طور پر ان چیزوں کو اپنائیں گے لیکن ان میں کوئی حقیقت نہیں۔