اسلام آباد(ای پی آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما صداقت عباسی کی بازیابی کیس کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت عدالت نے وزارت داخلہ اور آئی جی سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کرلی،
تفصیل کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما صداقت عباسی کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کیس کی سماعت کی، دوران سماعت جسٹس طارق محمود جہانگیری اسلام آباد پولیس پر برہم ہو گئے۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہاکہ کیسے ممکن ہے ایک بندہ ریڈ زون پارلیمنٹ لاجز سے اٹھایا گیا؟ابھی تک انکوائری مکمل نہیں ہوئی، 12دن سے بندہ غائب ہے کسی کو کچھ علم نہیں،جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہاکہ بغیرکسی مقدمے کے اٹھا لیا جاتا ہے کچھ خیال کریں،کم سے کم کسی مقدمے میں تو ڈالتے، چوری ڈکیتی اتنے پرچے ہیں۔
عدالت نے کہاکہ اسلام آباد دارالحکومت ہے،سی سی ٹی وی لگے ہیں، ایجنسیز ہیں، کیا امیج جائے گا، ایک کیس سے بندہ رہا ہوتا ہے، دوسرے میں اٹھا لیا جاتا ہے، یہ کوئی طریقہ نہیں،
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت داخلہ اور آئی جی سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کرلی،عدالت نے کیس کی مزید سماعت 26ستمبر تک ملتوی کردی ۔


