لاہور (ای پی آئی) حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمتوں میںاضافہ جماعت اسلامی نے مسترد کر دیا ، امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنے کا اعلان ۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے کہنے پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کا جینا مشکل بنا دیا،اس صورتحال میں خاموش رہنا موت ہے، لوگ گھروں سے نکلیں۔

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی حمایت کے ذریعے حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لینے پر مجبور کرے گی، بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی تحریک چلا رہی ہے۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ چاروں صوبوں میں گورنر ہاؤسز کے باہر عوامی دھرنے دیں گے، لوگ موت کا انتظار کرنے کے بجائے گھروں سے نکلیں اور جماعت اسلامی کی تحریک کا حصہ بنیں۔

دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنما سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں۔

سردار عبدالرحیم کا کہنا تھا کہ روز آئی ایم ایف کے خنجر سے عوام کو مارا جا رہا ہے، پی ڈی ایم کا آئی ایم ایف معاہدہ پاکستان دشمن ثابت ہوا۔