راولپنڈی (ای پی آئی ) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ نیب ترامیم کیخلاف چیئرمین تحریک انصاف کی درخواست پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو ’ٹرپل ایس‘ قرار دے دیا۔

انھوں نے کہا کہ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے جاتے جاتے ٹرپل ایس فیصلہ سنایا ہے، اس شارٹ سویٹ اور سمارٹ فیصلے سے پاکستان کی سیاست میں زلزلہ آگیا ہے جس کے اثرات 30 دسمبر تک اپنا اثر دکھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کل ساری دنیا میں بریکنگ نیوز تھی کہ پاکستان میں 2027 افراد کرپشن کے شکنجے میں دوبارہ آگئے ہیں، 16 ماہ کی پی ڈی ایم کی حکومت نے جو اپنے کیسز ختم کرانے کیلئے شب وروز محنت کی وہ خاک میں مل گئی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم حکومت نے عوام کو بھی اندھے کنوئیں میں دھکا دیا اور خود بھی عوام کی بددعاؤں کی زد میں آ گئے جس لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ کر رہے تھے وہ کیسوں کی بحالی کی صورت میں انہیں مل گیا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے سارا ریکارڈ اپنی تحویل میں محفوظ کر لیا ہے یہ ریکارڈ نہ اب ضائع کیا جا سکتا ہے نہ اس کو آگ لگ سکتی ہے جس اسمبلی میں ترامیم پاس کی گئیں اُس کے ممبروں کی تعداد بعض اوقات 9 اراکین سے زیادہ نہیں تھی، لوٹ مار کرنے والے عوام کے سامنے دوبارہ بے نقاب ہوگئے، سیاست بچا سکے نہ کیسوں سے نکل سکے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ عوام کا نام ہی ریاست ہے یہ ریاست بچانے نہیں عوام کو تباہ و برباد کرنے آئے تھے اور اب پھر غریب عوام پر پٹرول بم گرا دیا گیا ہے، بجلی، پٹرول، چینی اور آٹا غریب کا مسئلہ ہے لندن کے بھگوڑوں کا نہیں۔