اسلام آباد(ای پی آئی ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سائفر کیس میںدرخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

تفصیل کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین کی جانب سے ضمانت کی درخواست پر چیف جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر پیش ہوئے۔چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا کی جلد سماعت کی بار بار استدعا پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ طریقہ کار موجود ہے، اسی کے مطابق آئندہ پیر تک درخواست ضمانت مقرر ہو جائے گی۔

عدالت نے درخواست پر فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک جواب طلب کرلیا۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی جس کے بعد انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی 26 ستمبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔ خصوصی عدالت نے ایف آئی اے سے کیس کا چالان طلب کر رکھا ہے۔