اسلام آباد(ای پی آئی ) الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے ، الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکشن مانیٹرنگ کنٹرول سسٹم قائم کردیا گیا ہے ۔

اس حوالے سے سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ مانیٹرنگ الیکشن سے پہلے اور بعد میں ہوتی ہے، سسٹم میں مزید بہتری لائیں گے اور ڈیٹا اینالسٹس بھی ہائر کریں گے۔

سپیشل سیکرٹری کے مطابق الیکشن ڈے پر مختلف لیولز سے ڈیٹا آرہا ہوگا جس پر فیڈ بیک دیا جائے گا اور فیصلے ہوں گے۔ مانیٹرنگ سسٹم 24 گھنٹے کام کرے گا، کنٹرول روم صوبائی اور ضلعی سطح پر بھی قائم کئے گئے۔

الیکشن کمیشن حکام نے کہا کہ جب رزلٹ آئیں گے تو مانیٹرنگ سافٹ ویئرکا خود بخود پتہ چل جائے گا، 2018 اور 2023 میں بہت بڑی تبدیلی آئی ، آر ٹی ایس کی وجہ سے ہم نے سبق سیکھا ہے۔

چیف الیکشن کمشنرکی رزلٹ مینجمنٹ سے متعلق واضح ہدایات ہیں، ہم صرف ایک سسٹم پر انحصار نہیں بلکہ تین مختلف سسٹمز کے تحت انتخابی نتائج آئیں گے۔