اسلام آباد (ای پی آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میںمسلم لیگ ن کے رہنماؤں سابق وفاقی وزراء جاوید لطیف اور مریم اورنگزیب کے خلاف مذہبی منافرت پھیلانے کے الزام میں دہشت گردی دفعات کے تحت درج مقدمہ میں اہم پیش رفت ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں مریم اورنگزیب ، جاوید لطیف ، سابق سیکرٹری شہیرہ شاہد ، سابق ایم ڈی پی ٹی وی سہیل خان اور پی ٹی وی کے راشد بیگ کے خلاف مقدمہ خارج کرنے کا عمل شروع ۔
لاہور پولیس نے مقدمہ خارج کرنے کے پراسس سے متعلق رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کراتے ہوئے کہا کہ مدعی مقدمہ نے کہا ہے کہ وہ کیس نہیں چلانا چاہتا اس حوالے سے اخراج رپورٹ بنا کر متعلقہ عدالت میں جمع کرائیں گے۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے جاوید لطیف و دیگر کے خلاف پشاور کے مقدمے سے متعلق رپورٹ آئندہ سماعت پر طلب کرلی اور مدعی مقدمہ رحمان اللہ کے پچاس ہزار روپے مچلکوں کے عوض قابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے۔
عدالت نے کیس کی سماعت نومبر کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ 19 ستمبر 2022 کو پی ٹی آئی حکومت میں پنجاب میں چیئرمین پی ٹی آئی پر الزامات کے تناظر میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔


