لاہور (ای پی آئی ) سینئر اینکر پرسن ،یو ٹیوبر عمران ریاض خان کی بازیابی سے متعلق درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ،عدالت نے آئی جی پنجاب کو آخری مہلت دے دی ،
تفصیل کے مطابق صحافی عمران ریاض کے والد کی درخواست پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے سماعت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور عمران ریاض کی بازیابی کے لئے مہلت مانگی۔
چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ نے آئی جی پنجاب پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانچ ماہ سے آپ کی باتیں صبر سے سن رہا ہوں، مگر اب صبر کا پیمانہ ختم ہو رہا ہے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے درخواست گزار کے وکیل میاں ولی اشفاق سے استفسار کیا کہ اگر اپ رضامند ہیں تو میں مہلت دے دیتا ہوں جس پر علی اشفاق نے آئی جی کو مہلت دینے پر رضا مندی ظاہر کر دی۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ان کے بیٹے عمران ریاض کو اغوا کرلیا گیا ، عدالت بازیاب کرنے کا حکم دے۔عدالت نے آئی جی پنجاب سے استفسار کیا کہ عمران ریاض کی بازیابی کے لئے کیا پیشرفت ہوئی، جس پر ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ ہم نے عدالتی احکامات پر عمران ریاض کے والد سے ملاقات کی اور انہیں تمام پیشرفت سے آگاہ کیا، معاملے پر ٹھیک ڈائریکشن پر جا رہے ہیں۔
عدالت نے عمران ریاض کی بازیابی سے متعلق کیس کی مزید سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کردی۔


