اسلام آباد (ای پی آئی ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ،

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلا ت کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر سماعت کی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا کا سٹیٹس تبدیل ہو چکا ہے، اسلام آباد کے تمام انڈر ٹرائل قیدی اڈیالہ جیل میں ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی ابھی تک اٹک کیوں ہیں؟ اڈیالہ جیل کیوں نہیں؟

عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل سے جواب طلب کر لیا،عدالت نے استفسار کیا کل اگر آپ رحیم یار خان کی جیل میں بھیج دیں تو وہاں جیل ٹرائل کریں گے؟چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل شفٹ کریں۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ بتایا گیا تھا کہ اب جیل میں اے، بی اور سی کلاس ختم ہوگئی ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ اب جیل میں عام اور بہتر کلاس ہوتی ہے، وہ بہتر کلاس کے حقدار ہیں، جس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا یہ بات تو طے شدہ ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی بہتر کلاس کے حقدار ہیں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سابق وزیراعظم اور ایک پڑھے لکھے شخص ہیں، جیل رولز کے مطابق وہ جن چیزوں کے حقدار ہیں وہ انہیں ملنی چاہئیں، ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی کوئی حق تلفی ہو۔