اسلام آباد(ای پی آئی ) بلوچستان ہائیکورٹ کی جانب سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے خلاف اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کا مقدمہ خارج کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

سپریم کورٹ میں عبدالخلیل کاکڑ کی جانب سے دائر اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بلوچستان ہائی کورٹ نے حقائق اور قانون کے بر خلاف فیصلہ دیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی تحقیقات میں شامل ہی نہیں ہوئے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو تحقیقات میں شامل کیے بغیر ہی پولیس نے مقدمے کا چالان جمع کروا دیا۔

عمران خان نے مقدمہ اور وارنٹ گرفتاری کو کالعدم قرار دینے کے لیے بلوچستان ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

دائر درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے زمان پارک لاہور میں اداروں اور ملک کے خلاف تقریر کی۔

ہائی کورٹ نے 28 اگست کو ایف آئی آر اور وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے،

عدالت عظمیٰ بلوچستان ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف کوئٹہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جسے بلوچستان ہائی کورٹ نے خارج کردیا تھا۔