لاہور (ای پی آئی ) 9 مئی کو(کور کمانڈر) جناح ہاؤس پر حملہ کر کے توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں پولیس نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمودالرشید اور یاسمین راشد کو چالان میں قصور وار قرار دے دیا۔
کورکمانڈر ہاؤس حملہ کیس سمیت 11 مقدمات کا چالان انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پولیس نے جمع کروا دیا گیا ہے ۔
سانحہ 9 مئی مقدمات میں عمران خان، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمودالرشید کو قصور وار قرار دیا گیا ہے جبکہ چالان میں ڈاکٹر یاسمین راشد ، خدیجہ شاہ، صنم جاوید سمیت دیگر ملزمان کو بھی قصور وار بتایا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ کورکمانڈر حملہ کیس کا چالان 3 ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل ہے۔ چالان جمع کروائے گئے دیگر کیسز میں عسکری ٹاور حملہ کیس ، شادمان تھانہ جلانا، شیر پاؤ پل پر جلاؤ گھیراؤ بھی شامل ہیں۔


