اسلام آباد (ای پی آئی ) سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت،عدالت نے حکم کے باوجود گرفتار کرنے پرآئی جی اسلام آباد کو ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیدیا ،ایک ماہ میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت ۔

تفصیل کے مطابق اسلاما آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے عدالتی حکم کے باوجود شیریں مزاری کی گرفتاری پر توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔

آئی جی اسلام آباد عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور بتایا کہ جو اہلکار ملوث تھے ان کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

عدالت نے کہا بادی النظر میں اس عدالت کے حکم کی خلاف ورزی ہوئی۔ آئی جی اسلام آباد اس حوالے سے ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں ، اگر ان کے ایکشن سے عدالت مطمئن نا ہوئی تو کیس کی کارروائی کو مزید آگے بڑھائیں گے۔

عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ایک ماہ میں رپورٹ طلب کر لی۔