لاہور (ای پی آئی ) انتشار انگیز تقاریر کرنے کے کیس میں نامزد مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف اور مریم اورنگزیب انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش نہ ہوئے عدالت نے دوبارہ طلب کر لیا ۔سماعت ملتوی
تفصیل کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں ن لیگی رہنما مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف سمیت دیگر کیخلاف انتشار انگیز تقاریر کرنے کے کیس کی سماعت جج عبہر گل خان نے کی ۔
عدالت کی جانب سے جاوید لطیف، مریم اورنگزیب سمیت تمام ملزمان کو 11 بجے تک پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا۔عدالت میں سہیل خان ایم ڈی پی ٹی وی اور راشد بیگ پروڈیوسر پی ٹی وی کی جانب سے وکیل ذیشان غنی پیش ہوئے جبکہ مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کی جانب سے وکیل پیش نہ ہوئے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے مریم اورنگزیب ، جاوید لطیف سمیت دیگر کے خلاف کیس کی سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی ۔عدالت نے پولیس کی ملزمان کو ڈسچارج کرنے کی استدعا مسترد کردی تھی۔
قبل ازیں عدالت نے ن لیگی رہنما مریم اورنگزیب اور میاں جاوید لطیف کو انتشار انگیز تقاریر کرنے کے کیس میں آج طلب کیاتھا۔واضح رہے کہ ملزمان کیخلاف لاہور کے تھانہ گرین ٹاؤن مین 2022 میں مقدمہ درج ہوا تھا، اور ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان پر ریاست مخالف تقریر اور بیانات کا الزام ہے۔


