اسلام آباد(ای پی آئی )چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کرپشن اور توشہ خانہ کیس میں احتساب عدالت کی جانب سے عدم حاضری پر ضمانت کی درخواستیں مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ، عبوری ضمانت دینے کی استدعا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے سردار لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ کے ذریعے احتساب عدالت کے فیصلوں کو چیلنج کیا ہے جس میں 190 ملین پاؤنڈ کرپشن اور توشہ خانہ نیب کیس میں ضمانت درخواستیں عدم حاضری پر مسترد کی گئی تھیں۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 5 اگست کو چیئرمین پی ٹی آئی کو توشہ خانہ فوج داری کارروائی کیس میں سزا سنائی گئی اور گرفتار کرکے اسی روز جیل منتقل کردیا گیا تھا، دس اگست کو احتساب عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی دو مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں مسترد کیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت نے عدم حاضری کی بنا پر ضمانت کی درخواستیں مسترد کرنے کا فیصلہ سنایا حالاں کہ چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں قید تھے اور عدالت میں پیش ہونا ان کے اختیار میں ہی نہیں تھا۔
عمران خان نے وکیل کے توسط سے استدعا کی ہے کہ عدالت ضمانت مسترد کرنے کے احتساب عدالت کے 10 اگست کے فیصلوں کو کالعدم قرار دے اور درخواستوں پر فیصلہ ہونے تک عبوری ضمانت بھی فراہم کرے


