لاہور(ای پی آئی )سموگ کے تدارک سے متعلق کیس کی لاہور ہائیکورٹ میں سماعت گھروں میں گاڑیاں دھونے والوں کو 3ہزار روپے تک جرمانہ کرنے کا حکم دیدیا۔
تفصیل کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،
جسٹس شاہد کریم نے صاف پانی کو ضائع ہونے سے بچانے سے متعلق ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ ملک میں پانی کا مسئلہ بہت سیریس ہوتا جارہا ہے ،گھروں میں گاڑیاں دھونے والوں کو صرف 500روپے جرمانہ بہت کم ہے،
لاہور ہائیکورٹ نے گھروں میں گاڑیاں دھونے والوں کو 3ہزار روپے تک جرمانہ کرنے کا حکم دیا۔
جسٹس شاہد کریم نے شہر میں نئے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے پر ایل ڈی اے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس حکومت کا نہ جانے کیا مسئلہ ہے،
نگران حکومت کا ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا کوئی مینڈیٹ ہی نہیں،یہ منصوبے چار ماہ بعد بھی شروع ہو سکتے ہیں،اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں پتہ نہیں ان منصوبوں کیلئے پیسہ کہاں سے آتا ہے۔
جج لاہور ہائیکورٹ نے کہاکہ ایل ڈی اے کے منصوبوں سے شہر میں سموگ بڑھ رہی ہے،
ہم آرڈر کریں گے کہ ایل ڈی اے عدالت کی منظوری کے بغیر کوئی منصوبہ شروع نہ کرے،اگر سموگ کو کنٹرل کرنا ہے تو اس کیلئے 6ماہ پہلے تیاری کرنا ہوتی ہے،لگتا ہے ایل ڈی اے نے محکمہ موسمیات سے منظوری نہیں لی،
جسٹس شاہد کریم نے کہاکہ بھٹوں نے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر عملدرآمد کرنا چھوڑ دیا ہے ۔


