لاہور(ای پی آئی ) چینی کی قیمتیں مقرر کرنے کے نوٹیفکیشن کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا گیا ۔
لاہور ہائیکورٹ جسٹس شاہد کریم اور جسٹس مدثر سلطان تنویر پر مشتمل دو رکنی بنچ نے چینی کی قیمتوں کا تعین کرنے سےمتعلق وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کیخلاف محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہاکہ چینی کی قیمت مقرر کرنے کا اختیار صوبوں کے پاس ہے،
وفاقی حکومت کو چینی کی قیمت کا تعین کرنے کا اختیار نہیں۔عدالت نے اس حوالے سے شوگر ملز مالکان کی دائر درخواستوں کو منظور کرلیا،
عدالت نے وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کیا گیا چینی کی قیمتوں کا تعین کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیدیا۔عدالت کے روبرو شوگر ملز مالکان نے موقف اختیار کیا کہ 18ویں ترمیم کے بعد چینی کی قیمتوں کا تعین کرنے کا اختیارپنجاب حکومت کے پاس ہے،
اس کے باوجود وفاقی حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کرکے اختیارات سے تجاوز کیا،
وفاقی حکومت کی جانب سے درخواست کی مخالفت کی گئی تھی،عدالت نے شوگر ملز مالکان کی درخواستوں کو منظورکرتے ہوئے چینی کی قیمتوں کا اختیار پنجاب حکومت کو دیدیا۔


