لاہور(ای پی آئی ) لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک سے متعلق کیس کی سماعت عدالت نے اکتوبر سے فروری تک نئے ترقیاتی منصوبوں پر کام روک دیا۔
تفصیل کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی،جسٹس شاہد کریم نے استفسار کیا ایک ماہ میں کتنے پراجیکٹس شروع کئے گئے؟
وکیل پنجاب حکومت نے کہاکہ اس وقت 5منصوبوں پر کام جاری ہے،شاہدرہ میں جاری پراجیکٹ بھی جلد مکمل ہو جائے گا، عدالت نے کہاکہ نیازی ٹو بابو صابو انٹرچینج پراجیکٹ پر کام شروع نہ کریں، فروری میں شروع کرلیں،
جسٹس شاہد کریم نے کہاکہ جوپراجیکٹ چل رہا ہے وہ ٹھیک ہے،یہ بھی بتایا جائے ایئر کوالٹی پرپراجیکٹس کتنا اثرکریں گے،
عدالت نے کہاکہ جو ڈیٹا جمع ہوا ہے آئندہ سماعت پر اس کی روشنی میں آگاہ کریں،جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرمینٹل کمیشن نے کہاکہ سموگ سیزن میں تعمیراتی پراجیکٹ شروع نہیں ہونا چاہئے،
جسٹس شاہد کریم نے کہاکہ یہ بالکل ٹھیک تجویز ہے ایسا ہی ہونا چاہئے،لاہور ہائیکورٹ نے اکتوبر سے فروری تک نئے ترقیاتی منصوبوں پر کام روک دیا۔


