لاہور(ای پی آئی )9 مئی کو جناح ہاؤس پرحملہ کر کے توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کرنے کے مقدمے میں نامزد ملزمان کا ٹرائل سینٹرل جیل لاہور میں ہوگا ،
چیئرمین پی ٹی آئی کو بذریعہ ویڈیو لنک جیل ٹرائل میں شامل کیا جائے گاپنجاب حکومت نے ملزمان کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام ملزمان کا ٹرائل لاہور کی سینٹرل جیل میں ہوگا،عسکری ٹاور پر حملے کے مقدمے کا ٹرائل بھی جیل میں ہوگا، تھانہ شادمان پر حملے کے مقدمے کا ٹرائل بھی جیل میں ہوگا،
پراسیکیوشن نے ملزمان کے خلاف چالان مکمل کرکے عدالت میں جمع کرارکھے ہیں۔سپیشل پراسیکیوٹر فرہاد علی شاہ نے کہاکہ جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار تمام ملزمان کا ٹرائل جیل میں ہوگا، ،جج ارشد جاوید جیل میں جا کر ملزمان کا ٹرائل کریں گے،
جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملزمان کی تعداد بہت زیادہ ہے،ملزمان کو روز جیل سے عدالت لاہور اور واپس لے جانا مشکل کام ہے،ہماری کوشش یہی ہے کہ مقدمے کا ٹرائل جلد از جلد مکمل کرائیں،
سپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ اے ٹی سی رولز کے تحت جناح ہاؤس حملہ کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی،چیئرمین پی ٹی آئی کی جناح ہاؤس حملہ کیس میں ضمانت خارج ہوئی ہے،
چیئرمین پی ٹی آئی کو بذریعہ ویڈیو لنک جیل ٹرائل میں شامل کیا جائے گا۔


