اسلام آباد (ای پی آئی ) مسلم لیگ (ن) کی قانونی ٹیم کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں میاں نوازشریف کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت ، عدالت نے نوٹس جاری کر تے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کی ضمانت کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے سماعت کی جس میں چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب شامل ہیں۔

دوران سماعت نوازشریف کے وکیل امجدپرویز نے دلائل میں کہا کہ سابق وزیراعظم کی حفاظتی ضمانت کیلئے درخواست دائر کی ہے، انہوں نے حفاظتی ضمانت کیلئے کئی کیسز کے حوالے دیئے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ ابھی ملزم کا سٹیٹس کیا ہے؟ امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ جب کوئی ملزم عدالت میں سرنڈر کرنا چاہتا ہے تو عدالت موقع دیتی ہے، ماضی میں بھی اشہتاری ملزمان کو سرنڈر کیلئے حفاظتی ضمانت دی گئی۔

عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سےدرخواست کے بارے موقف معلوم کیا تو انہوں نے کہا کہ کوئی اگر پاکستان واپس آنا چاہتا ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں جس پر عدالت نے حفاظتی درخواست پر دلائل کیلئے نیب کو نوٹس جاری کر دیا۔

واضح رہے کہ نوازشریف کی جانب سے آج دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سابق وزیراعظم کیسز کا سامنا کرنا چاہتے ہیں، ان کو عدالت پہنچنے تک گرفتاری سے روکا جائے اور حفاظتی ضمانت دی جائے۔