اسلام آباد (ای پی آئی ) پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے رکن شعیب شاہین نے کہا ہے کہ مافیا کے سربراہ کو بچانے کیلئے ریاست اور اسکے ہرکارے بری طرح بے نقاب ہوگئے ہیں،معاشرے میں ایسی بری مثالیں قائم کی جارہی ہیں جس سے عدل کا نظام متاثر ہورہا ہے،ریاست ان حرکات کی متحمل نہیں ہوسکتی،مطالبہ کرتا ہوں کہ اس ملک کی عوام کو فیصلہ کرنے دیں کہ کس نے حکومت کرنی ہے،

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شعیب شاہین کا مزید کہنا تھا کہ آجکل ایک قائد کرپشن کو بچانے کے لئے پاکستان کی ریاست اور اسکےہرکارےبے نقاب ہوگئے ہیں،پنجاب حکومت نے العزیزہ کیس میں غیر قانونی طور پر نواز شریف کی سزا معطل کی،

انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن اس بات کا نوٹس لے اور دس ماہ سے غیر قانونی طور پر بیٹھی ہوئی پنجاب حکومت کو تبدیل کرے،یہ ریاست کے اہلکار ہمارے ٹیکس سے پلتے ہیں لیکن وہ ایک بھگوڑے کو بچانے کے لئے بیٹھے ہیں،ایک مجرم ملک سے باہر بیٹھا ہے لیکن اس کو حفاظتی ضمانت مل جاتی ہے،اگر نیب یا ایف آئی اے کا کوئی اہلکار کہہ دے کہ ان کو چھوڑ دیں تو کیا عدالت اسے چھوڑ دے گی؟آج پورا پاکستان عدالتی نظام کو دیکھ رہا ہے،

شعیب شاہین نے کہاکہ معزز ججز تاریخ آج آپ کو دیکھ اور لکھ رہی ہے،پاکستانی عوام عدلیہ کو آزادانہ فیصلے کرتے دیکھنا چاہتی ہے، الیکشن کمیشن سے اپیل ہے اس سی پی او اور ایس ایس پی کو جس سے سیلوٹ کیا اس کو فوری طور پر تبدیل کریں،ہمارے معاشرے میں ایسی بری مثالیں قائم کی جارہی ہیں جس سے عدل کا نظام متاثر ہورہا ہےریاست ان حرکات کی متحمل نہیں ہوسکتی ، جانبدارانہ انتخابات کی کوئی حیثیت نہیں ہو گی،مطالبہ کرتا ہوں کہ اس ملک کی عوام کو فیصلہ کرنے دیں کہ کسے حق حکمرانی حاصل ہے۔