اسلام آباد (ای پی آئی ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں سائفر کیس کی ٹرائل روکنے کی درخواست پر سماعت ،عدالت نے ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔

تفصیل کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی فرد جرم کی کارروائی کے خلاف درخواست پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر اعتراضات دور کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو شفاف ٹرائل کا حق دیا جائے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر کیس میں فرد جرم کی کارروائی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کی تھی، چیئرمین پی ٹی آئی نے وکیل سلمان صفدر اور خالد یوسف کے ذریعے درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں عدالتِ عالیہ سے چیئرمین پی ٹی آئی نے فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی کالعدم قرار دینے کی استدعا کی تھی۔