اسلام آباد (ای پی آئی ) غزہ میں اسرائیلی بربریت کے خلاف اسلام آباد میں جماعت اسلامی کی ریلی مرکزی امیر سراج الحق کا خطاب،

تفصیل کے مطابق دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی فلسطین میں اسرائیلی بربریت کا نشانہ بننے والے معصوم شہریوں ،بچوں سے اظہار یکجہتی کا سلسلہ جاری ہے

اس حوالے سے جماعت اسلامی کی جانب سے اسلام آباد میں بڑی ریلی کا انعقاد خواتین ،بچوں بزرگوں سمیت ہزاروں افراد کی شرکت مرکزی امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حماس نے امریکہ کو پیغام دیا ہے کہ ٹیکنالوجی کے مقابلے میں ایمان کی طاقت زیادہ مضبوط ہے۔

انھوں نے غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے تو ہم بھی فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں، جب تک اسرائیلی دہشتگردی ختم نہیں ہوتی ہم تحریک جاری رکھیں گے، 19 نومبر کو ہمارا ملین مارچ لاہور میں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ غزہ مارچ میں آنے والوں کو شاباش دیتا ہوں، تاثر دیا گیا کہ شاید ہماری جماعت امریکی سفارتخانے پر قبضہ کرنا چاہتی ہے، کل میرے کارکنان پر لاٹھیاں برسائی گئیں،میں پاکستان کے حکمران سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کل جب آپ ہمارے کارکنان پر لاٹھیاں برسا ہے تھے تو اسی لمحے ترکیہ کے صدر طیب اردوان استنبول میں لاکھوں کے جلسے کو لیڈ کر رہے تھے اور اسرائیل کو پیغام دے رہے تھے کہ حماس لاوارث نہیں ہے ،حماس دہشتگرد نہیں ہے لاٹھیوں اور گولیوں کی وجہ سے تحریک کو چھوڑنا ناممکن ہے، اسلام آباد کی فضاؤں میں غزہ کے شہیدوں کے خون کی خوشبو محسوس کر رہا ہوں۔

میں حکمرانوں سے کہنا چاہتاہوں کہ تمہارا کام غزہ کے مجاہدین، وہاں کے عوام کو بچانے کا کام ہے ، انکو اسلحہ پہنچانے کا کام ہے ،ان کے دشمن کے توپوں کا مقابلہ ،دشمن کے ٹینکوں کا مقابلہ ، دشمن کے جہازوں کا مقابلہ ، یہ تمہارا کام ہے

سراج الحق نے کہا کہ ہم نے امریکی سفارتخانے کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا، غزہ میں جمعہ کے دن اذان دی گئی تو بمباری کی وجہ سے کوئی نہیں آسکا، مسجد میں شہیدوں کے خون کے علاوہ کوئی چیز نہیں تھی، یہ عربوں کا نہیں ہر مسلمان کا مسئلہ ہے،

انھوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ مسلم حکمرانوں نے کوئی فرض نہیں ادا کیا۔ 56 سالوں سے فلسطینیوں کی سر زمین پر اسرائیلیوں نے قبضہ کیا ہوا ہے، ہسپتالوں، سکولوں، سول آبادی پر بمباری کی گئی، مجھے افسوس ہے کہ مسلمان حکمرانوں نے امریکہ کی طرف دیکھنا شروع کیا ہے، ہمارے حکمرانوں میں دم خم نہیں ہے، حکمران اللہ کی غلامی یا امریکی غلامی دونوں میں سے ایک کا انتخاب کریں۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ بدمعاش امریکہ کیلئے افغانستان کو قبرستان بنایا گیا، غزہ میں کھانا، دوائی، پانی اور کپڑے پہنچانے کا کام الخدمت ترکی کے ساتھ مل کر کر رہی ہے، مظلوم فلسطینیوں کی حمایت ہر صورت جاری رکھیں گے۔