اسلام آباد(ای پی آئی )سپریم کورٹ نے گاڑی حوالگی کے خلاف کسٹم کی اپیل خارج کردی ،عدالت نے غیرضروری مقدمہ دائر کرکے وقت ضائع کرنے پر پاکستان کسٹمز کو 50 ہزار روپے جرمانہ کردیا۔

سپریم کورٹ میں نان کسٹم پیڈگاڑی کی مالک کو حوالگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،عدالتی حکم پر ڈی جی کسٹم انٹیلی جنس فیض احمد سپریم کورٹ میں پیش ہوئے،جسٹس قاضی فائز عیسی نے ڈی جی کسٹم سے استفسار کیا کہ کیا آپ قانون سے بالاتر ہیں؟آپ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کیوں کررہے ہیں؟،3 عدالتوں نے حکم دیا گاڑی مالک کے حوالے کریں ،5 سال سے کسٹم نے شہری کی گاڑی پکڑ کر بند کر رکھی ہے ،5 سال سے ویئر ہاس میں کھڑی گاڑی خراب ہو گئی، کیا آپ مالک کا نقصان پورا کرینگے؟۔

ڈی جی کسٹم نے کہاکہ یہ گاڑی حوالگی کا بہت منفرد کیس ہے ، جسٹس محمد علی مظہر نے کہاکہ گاڑی حوالگی میں کیا منفرد ہے؟کلکٹر لکھ رہا ہے مالک نے سارے ٹیکس ادا کئے ۔جسٹس فائز عیسی نے کہاکہ 97 ماڈل کی گاڑی کی مالیت کیا ہو گی ؟ڈی جی کسٹم نے کہاکہ قبضے میں لی گئی گاڑی کی مالیت 20 سے 25 لاکھ روپے ہو گی ، جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہاکہ گاڑی کی مالیت سے زیادہ رقم اور وقت کیسز پر خرچ کر دیئے گئے ،نان کسٹم پیڈ گاڑی پاکستان میں نہ آئے، آپ بارڈر کو محفوظ کیوں نہیں بتاتے؟لوگ، سامان بلاروک ٹوک آ جا رہے ہوتے ہیں، کسٹم کے لوگ تفریح کر رہے ہوتے ہیں؟۔

عدالت نے پاکستان کسٹمز کی مقدمہ واپس لینے کی استدعا مستردکردی،عدالت نے گاڑی حوالگی کے خلاف کسٹم کی اپیل خارج کرتے ہوئے غیرضروری مقدمہ دائر کرکے وقت ضائع کرنے پر پاکستان کسٹمز کو 50 ہزار روپے جرمانہ کردیا۔