راولپنڈی (ای پی آئی )پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میانوالی میں ایئرفورس کے ٹریننگ بیس پر ہونے والے حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا
حملہ آور ہونے والے تمام 9 دہشت گرد جامع منصوبہ بندی اور ایکشن کے بعد واصل جہنم کر دیئے۔
بتایا گیا ہے کہ ایئرفورس کے فنکشنل آپریشنل اثاثوں میں سے کسی کو نقصان نہیں پہنچا، حملے کے دوران 3 غیر آپریشنل طیاروں کو معمولی نقصان پہنچا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ آپریشن کا فوری ، پیشہ ورانہ اختتام امن دشمنوں کیلئے یقین دہانی ہے، پاکستان کی مسلح افواج ہر وقت چوکس اور کسی بھی خطرے سے وطن کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔
واضح رہے کہ دہشت گردوں نے ٹریننگ ایئربیس پر آج علی الصبح حملہ کر دیا تھا جس کو سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا جس کے بعد کلیئرنس آپریشن شروع کیا گیا تھا۔