اسلام آباد(ای پی آئی ) جمعیت علمائے اسلام کے سابق ضلع ناظم نوشہرہ ڈاکٹر داؤد خٹک نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی، پی ٹی آئی میں شمولیت کا کافی عرصے سے خواہشمند تھا مگر اپنے مدمقابل پرویز خٹک کی وجہ سے شمولیت اختیار نہیں کر سکا،چیئرمین پی ٹی آئی کے نظریئے کے ساتھ کھڑا ہوں،
ڈاکٹر داؤد خٹک نے پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کے رکن شیر افضل مرورت ایڈووکیٹ کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا،
خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ سے جمیعت علمائے اسلام کے سابق ضلع ناظم ڈاکٹر داؤد خٹک نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے نظریئے سے کافی عرصے سے متاثر تھا مگر اپنے مخالف پرویز خٹک کی پارٹی میں موجودگی کے باعث پی ٹی آئی کا حصہ نہ بن سکا،اب چونکہ پرویز خٹک پارٹی چھوڑ کر جا چکے ہیں اسلئے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر رہا ہوں حالانکہ یہ وہ وقت ہے جب لوگ پی ٹی آئی کو چھوڑ کر جا رہے ہیں، انہوں نے سوال کیا کہ جب میاں محمد نواز شریف کو وزیراعظم کا پروٹوکول مل چکا ہے تو پھر انتخابات کا ڈھونگ رچا کر قوم کے اربوں روپے خرچ کرنے کی کیا ضرورت ہے؟
اس موقع پر پی ٹی آئی کے وکیل راہنماء شیرافضل مروت کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر داؤد خٹک کی پارٹی میں شمولیت پر انہیں خوش آمدید کہتے ہیں،پاکستان مزید سیاسی بد امنی کا متحمل نہیں ہو سکتا نواز شریف کو چاہیئے تھا کہ وہ سیاسی جماعتوں کو اکٹھاکرنے کی بات کرتے، 09 مئی کے نام پر پی ٹی آئی کو سانس لینے کی بھی اجازت نہیں ہے، 16 ماہ میں اسلحہ لائسنس اسکینڈل ہوا ہےجس میں پانچ لاکھ روپے فی کس کے حساب سے11 ہزارسے زائد کلاشنکوف لائسنس بانٹے گئے ہیں،عرفان نامی مشکوک شخص کی طرف سے چیئرمین پی ٹی آئی اور انکی اہلیہ کیخلاف عدت کے دوران نکاح کا جھوٹا اور بے بنیاد کیس دائر کیا گیا ہے،اب خاور مانیکاکو گرفتار کرکے چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف بیان دینے کا دباؤ ڈالا جا رہا ہے،
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی افغان شہریوں کے زبردستی انخلاء کی شدید مذمت کرتی ہے، خیبر پختونخوا میں ورکرز کنونشن کرنے جا رہے ہیں،جسکے بعد جلسےبھی شروع کرینگے،پیر کو ملکی سیاست کا بڑا نام پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کریگا۔


