نئی دہلی (ای پی آئی )بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے خلاف درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی پر متعصبانہ فیصلہ سناتے ہوئے خصوصی حیثیت بحالی کی درخواستیں مسترد کر دیں۔ خصوصی حیثیت ختم کرنے کا 5اگست 2019کا فیصلہ برقرار رکھا۔

بھارتی سپریم کورٹ نے کہاہے کہ مرکز کو جموں کشمیر ریاست کی تائید کی ضرورت نہیں،آرٹیکل 370کی منسوخی کا حکومتی فیصلہ بدنیتی پر مبنی نہیں تھا، بھارتی سپریم کورٹ نے اکثریتی فیصلہ میں کہا ہے کہ جموں وکشمیر کی خصوصی ختم کرنے کا صدر کا حکم آئینی طور پر درست ہے۔

بھارتی سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے، آرٹیکل 370 عارضی تھا، ہر فیصلہ قانونی دائرے میں نہیں آتا۔

یاد رہے کہ بھارت کی انتہاء پسند جماعت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے 2019 میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر دی تھی، مودی حکومت نے بھارتی آئین کی شق 370 کے خاتمے کا اعلان کیا تھا، جس کے خلاف کشمیر کی سیاسی جماعتوں نے مودی حکومت کے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔