نوشہروفیروز(ای پی آئی) درگاھ حضرت لعل شہباز قلند ر کے توشہ خانہ سے ایک کروڑ 23 لاکھ سے زائد مالیت کا سونا چوری ہونے کا انکشاف، مئنیجر اوقاف معطل، مقدمہ درج کرنے کا حکم،
تفصیلات کے مطابق سیہون شریف میں حضرت قلندر لعل شہباز کی مزار سے ایک کروڑ 23 لاکھ 72 ہزار کا سونا چوری ہو گیا ہے، سیکریٹری اوقاف سندھ منور علی مہیسر نے سونا چوری ہونے کی تصدیق کردی ہے، نگراں وزیر اوقاف سندھ محمد عمر سومرو نے سونا چوری ہونے پر انکوائری کیلئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی، کمیٹی میں محکمہ اوقاف سکھر کے ایڈمنسٹریٹر ارشاد سموں، آڈٹ افسر اوقاف غلام رسول سومرو، اکائونٹس افسر محمد نواز پٹھان شامل ہیں،
انکوائری کمیٹی نے سیہون شریف پہنچ کر مزار قلندر کے توشہ خانہ کا رکارڈ چیک کیا، انکوائری کمیٹی نے سونا چوری معاملے میں مئنیجر اوقاف سیہون شریف کو قصور وار قرار دے دیا، جس کے بعد سیکریٹری اوقاف سندھ منور علی مہیسر نے مئنیجر اوقاف سیہون شریف زبیر بلوچ کو معطل کردیا، جبکہ مئنیجر اوقاف زبیر بلوچ کی تنخواہ بھی روک دی گئی ہے، مئنیجر اوقاف زبیر بلوچ کے خلاف سونہ چوری کا مقدمہ درج کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے،
سندھ کے سیکریٹری اوقاف منور علی مہیسر نے بتایا ہے کہ درگاھ لعل شہباز قلندر رح کے توشہ خانہ سے سونا چوری کیس اینٹی کرپشن سندھ کو بھیج رہے ہیں، مئنیجر اوقاف زبیر بلوچ نے درگاھ قلندر کے توشہ خانہ کی چابی اپنے نجی شخص علی رضا نامی شخص کو دی، علی رضا نامی شخص توشہ خانہ سے ایک کروڑ 23 لاکھ 72 ہزار کا سونا چوری کرکے فرار ہوگیا ہے، علی رضا گوپانگ نامی شخص کی تلاش بھی جاری ہے، جس کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
واضع رہے کہ درگاھ قلندر لعل شہباز رح کے توشہ خانہ کی چابی نجی شخص علی رضا گوپانگ کے پاس تھی جو مئنیجر اوقاف زبیر بلوچ کا قریبی دوست تھا۔ جبکہ مئنیجر اوقاف زبیر بلوچ آئندہ ماہ ملازمت سے رٹائرڈ ہونے والے تھے۔


