اسلام آباد (ای پی آئی) ریاضت علی ساحر بلامقابلہ وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل منتخب ہوگئے جبکہ فاروق ایچ نائیک کوچیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پاکستان بار کونسل منتخب کر لیا گیا ہے.

بار کونسل کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان بار کونسل کا241واں اجلاس چئیرمین اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کی سربراہی میں سپریم کورٹ میں ہوا.
کونسل نے سبکدوش ہونے والے وائس چیئرمین ہارون الرشید اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی حسن رضا پاشا کی کارکردگی کو سراہا.
پاکستان بار کونسل نے اعلی عدالتوں میں ججز کی تعیناتی بارے جوڈیشل کمیشن کے قواعد کے ازسر نو تشکیل کا مطالبہ کیا
پاکستان بار کونسل نے بینچ اور بار کے کردار کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ سیاسی مقدمات کی طرح عام سائیلین کے مقدمات بھی ترجیحی بنیادوں پر سماعت کے لیے مقرر کیے جائیں کیونکہ وہ بھی اہمیت کے حامل ہیں.

پاکستان بار کونسل نے مطالبہ کیا ہے کہ سیاسی جماعتیں اور انکے کارکنان اعلی عدالتوں کے ججز کی کردار کشی سے گریز کریں انہیں ججز پر تنقید کی بجائے عدالتی فیصلوں پر تنقید کرنی چاہیے تاکہ سپریم کورٹ کے ججز کی عزت اور وقار کو محفوظ بنایا جاسکے.
پاکستان بار کونسل کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان بار کونسل اور ملک کی وکلا برادری آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی عدلیہ کی آزادی اور جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور جمہوری عمل سمیت ان تمام مقاصد کے حصول صاف شفاف آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے ذریعے ہی ممکن ہے.