اسلام آباد (ای پی آئی) نو منتخب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان کی سولہویں قومی اسمبلی کے اسپیکر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ان سے اسپیکر کے عہدے کا حلف لیا۔مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے
سردار ایاز صادق نے 199 ووٹ حاصل کیے، انکے مدِ مقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوارعامر ڈوگر نے 91 ووٹ حاصل کیے۔
اسپیکر کے انتخاب کے لیے کل 291 ووٹ ڈالے گئے۔جن میں سے صرف 1 ووٹ منسوخ قرار دیا گیا۔
سردار ایاز صادق تیسری بار اسپیکر کے عہدے پر فائز ہوئے ہیں۔
سردار ایاز صادق اس سے پہلے دو بار اسپیکر قومی اسمبلی کے منصب پر فائز رہ چکے ہیں،
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تیسری بار اسپیکر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ایوان سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ
رب ذوالجلال کے سامنے سرنگوں ہوں جس نے اپنے اس ادنی بندے کو تیسری بار اس با وقار عہدے پر فائز کیا،
تیسری دفعہ نامزد کرنے پر اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کا شکر گزار ہوں،صدر مسلم لیگ نون میاں شہباز شریف اور اپنی جماعت کے اور اپنی جماعت کے ساتھیوں کا ممنون ہوں جہنوں مجھ پر اعتماد کیا،
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ تیسری دفعہ اعتماد کا ووٹ دینے پر سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری ایوان میں موجود دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین اور اراکین کا بھی ممنون ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا،
سردار ایاز صادق نے کہاکہ اپنے حلقے این اے 120 کے ووٹرز اور سپورٹرز کا بھی خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں جن کے قیمتی ووٹ کی بدولت میں اس مقام پر پہنچا، ملک محمد عامر ڈوگر صاحب کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جو اس جمہوری عمل کا حصہ بنے،
انہوں نے کہاکہ میری پوری کوشش ہوگی کہ بطور سپیکر آئین اور قانون کے مطابق اس ایوان کو چلاؤں، سردار ایاز صادق
سپیکر افس کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں،اس ایوان میں آنے والے تمام معزز اراکین میرے لیے انتہائی قابل عزت اور قابل احترام ہیں،
انہوں نے کہاکہ حکومت اور اپوزیشن ایوان کے اہم حصہ ہیں، یہ ایوان حکومت اور اپوزیشن کے بغیر نامکمل ہے، تمام ممبران سے گزارش ہے کہ ذاتی تنقید سے اجتناب کریں، جمہوری عمل کو آگے بڑھانے کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہو گا.
پریس گیلری ایوان کا اہم حصہ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتا ہوں، سردار ایاز صادق
نے کہاکہ فعال میڈیا کے بغیر ایوان نامکمل ہے،پاکستان کی ترقی ہماری ترقی ہے پاکستان ہے تو ہم ہیں، آئیں مل کر جمہوری عمل کو آگے بڑھائیں اور پاکستان کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں،
دریں اثنا چیئرمین سینیٹ، محمد صادق سنجرانی نے سردار ایاز صادق کو اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے ۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے قومی اسمبلی کے نو منتخب اسپیکر سردار ایاز صادق کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں انہیں قومی اسمبلی کا اسپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سردار ایاز صادق کا بطور اسپیکر قومی اسمبلی انتخاب ان کے تجربے اور صلاحیتوں پر اتحادی جماعتوں کی قیادت کے بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا سردار ایاز صادق ایک زیرک، معاملہ فہم اور بردبار سیاستدان ہیں ان کی سربراہی میں قومی اسمبلی ملک کے عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گی ۔انہوں نے سردار ایاز صادق کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


