کشمور (ای پی آئی ) سندھ کے علاقہ میں پولیس کی جانب سے جیکب آباد کی تحصیل گڑھی خیرو میں ڈاہانی ڈاکو گینگ کے خلاف گرینڈ آپریشن پر، ڈاکوئوں نے ایری برادری کے نوجوان پر حملہ کرکے قتل کردیا، ایری برادی کا لاش شاہراہ پر رکھ کر شدید احتجاج دھرنا دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق علاقہ کو دوداپور کے تھانے کی حدود میں ایک سماجی تنظیم کی جانب سے اسکول کی تعمیر شروع کی گئی جس پر ڈاہانی ڈاکو گینگ نے اسکول کی تعمیر کرنے والے ٹھیکیدار سے بھتہ طلب کرتے ہوئے بھتہ نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں ۔جس پر ٹھیکیدار نے تمام تر صورتحال سے پولیس کو آگاہ کرتے ہوئے سکیورٹی مانگی تو پولیس نے سکیورٹی دینے سے انکار کردیا ۔

جس کے بعد علاقہ کی ایری برادری نے ٹھیکیدار کو سکیورٹی دینے کی یقین دہانی کرائی تو ۔ڈاکوؤں نے ایری برادری کو بھی سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کر دیں اور کئی بار ایری برادری کےرہائشی علاقوں پر حملے بھی کئے ۔جس کے بعد پولیس نے دہانی گینگ کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا اور داہانی گینگ کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے انھیں تباہ کر دیا جبکہ ان کے سہولتکاروں کے خلاف بھی کارروائیاں کی گئیں ۔

ڈاہانی گینگ نے پولیس کی جانب سے کئے گئے آپریشن پر ایری برادری سے بدلہ لینے کے لئے انھیں سنگین دھمکیاں دیں اور مقدمہ درج کرانے پر ایری برادری کے 26 سالہ نوجوان حبدار علی ایری جو کہ اپنی موبائل فون کی دکان پر پہنچا کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہو گئے ۔

قتل ہونے والے نوجواں کے ورثاء نے احتجاج کرتے ہوئے مقتول کی لاش انڈس ہائی وے پر رکھ کر دھرنا دید یا ۔ورثاء نے سندھ حکومت نوٹس لینےاور ڈاہانی گینگ کو کیفرکردار تک پہنچاکر علاقہ میں امن بحال کرانے کا مطالبہ کیا ہے